ٹرمپ ڈائنوسار کی مانند ہیں، یورپ متحد نہ ہوا تو نگل لیے جائیں گے: گورنر کیلیفورنیا
کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور ان کی پالیسیوں میں سنجیدگی کا فقدان ہے۔
گورنر گیون نیوزم کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے اقدامات جنگل کے قانون کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے ٹرمپ کو ڈائنوسار سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ طرزِ عمل سفارتکاری نہیں بلکہ سراسر حماقت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ مکمل طور پر بے لگام ہو چکے ہیں اور اگر ان کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کیا گیا تو وہ سب کو نگل جائیں گے۔ گورنر کے مطابق یورپ کو متحد اور مضبوط موقف کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جس پر متعدد یورپی ممالک نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ناقابلِ قبول ہے۔ یورپی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ تجارتی جنگ چاہتا ہے تو وہ بھی بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔